بیوی پر مبینہ تشدد کا انجام، ہربنس پورہ پولیس نے شوہر کو گرفتار کرلیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)بیوی پر مبینہ تشدد اور ہراساں کرنے والے شوہر کے خلاف پولیس کا فوری ایکشن، ہربنس پورہ پولیس نے ملزم ارشاد کو گرفتار کرلیا۔ہربنس پورہ پولیس نے بیوی پر تشدد اور اسے ہراساں کرنے کے الزام میں شوہر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ارشاد کے خلاف متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خاتون پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جس پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ارشاد کو گرفتار کرلیا، جبکہ مقدمہ مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور معاشرے میں خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور قانون کے مطابق انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔



