کوہاٹ پولیس لائنز پرنماز جمعہ کے دوران دہشتگرد حملہ،دھماکے میں16افرادشہید

کوہاٹ(جانوڈاٹ  پی کے)خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پشاور روڈ پر واقع پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے اور دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق دھماکے کے بعد پرانی پولیس لائنز کے قریب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ایمبولینسز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 20 ایمبولینسز، ریسکیو و ریکوری گاڑیوں سمیت 60 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ کرک اور ہنگو سے بھی اضافی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکے کے بعد مسلح دہشت گردوں نے پولیس لائنز میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، جبکہ دہشت گردوں کے ایک اسنائپر کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق اب تک خودکش بمبار اور اسنائپر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی اور فورس کے حوصلے بلند ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button