امریکاکابڑا فیصلہ،ایرانی قیادت کو اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کی اجازت

واشنگٹن(جانو ڈاٹ پی کے)امریکا نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وفد کے اہم ارکان کو آئندہ ہفتے نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی شرکت امریکی میزبانی کی ذمہ داریوں کے تحت ہوگی۔

امریکی حکام کے مطابق ایرانی وفد کو امریکا میں داخلے کے باوجود سخت سفری پابندیوں کا سامنا رہے گا اور وفد کی نقل و حرکت محدود ہوگی۔ اس کے علاوہ ایرانی حکام پر لگژری اور بعض دیگر اشیا کی خریداری سے متعلق پابندیاں بھی برقرار رہیں گی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ رواں برس ایران کا وفد گزشتہ سال کے مقابلے میں محدود ہوگا، تاہم بنیادی وفد اور ضروری عملہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرسکے گا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جنرل اسمبلی سے خطاب کی بھی توقع ہے۔

یہ فیصلہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے اور ایرانی قیادت کی نیویارک میں موجودگی عالمی سطح پر خصوصی توجہ کا مرکز بننے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button