منیبہ علی ایشین گیمز ویمنز کرکٹ سے باہر، والدہ کی علالت کے باعث وطن واپس روانہ

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے): پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو ایشین گیمز 2026 کے ویمنز کرکٹ ایونٹ سے قبل اہم دھچکا، وکٹ کیپر بلے باز منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث قومی ٹیم سے الگ ہوگئیں۔
ایشیا کپ کے اختتام کے بعد منیبہ علی دبئی سے وطن واپس روانہ ہوگئیں جبکہ قومی ٹیم کی دیگر کھلاڑی ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وقت کی کمی اور ویمنز کرکٹ ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے 22 ستمبر تک مکمل ہونے کے باعث منیبہ علی کے متبادل کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منیبہ علی کی غیر موجودگی میں گل فیروزہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور بیٹنگ میں بھی اوپننگ کریں گی۔ انہوں نے تھائی لینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں بھی وکٹ کیپنگ اور اوپننگ کا کردار ادا کیا تھا۔
بارش سے متاثرہ کوارٹر فائنل میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ قومی ٹیم اب 20 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گی۔



