پنجاب میں بھی بڑا کفایت شعاری پیکیج؟سرکاری فیول میں50فیصد کٹوتی، بازار3دن بند رکھنے کی تجویز زیر غور

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے اہم اقدامات کے اعلان کے بعد پنجاب میں بھی وفاق کی طرز پر کفایت شعاری مہم شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تیاری زیر غور ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد تک کمی کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اور بیرون ملک سرکاری دوروں کو محدود یا روکنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے سرکاری تقریبات محدود کرنے اور اہم سرکاری اجلاس زیادہ سے زیادہ آن لائن منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

اسی طرح پنجاب میں بازاروں اور دکانوں کو ہفتے میں تین دن بند رکھنے کی تجویز پر بھی غور جاری ہے، جبکہ سرکاری ملازمین کے لیے ہفتے میں تین دن چھٹی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان تمام تجاویز کو حتمی شکل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد دی جائے گی، جس کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے 17 ستمبر 2026 کو کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی، نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اور تین ماہ کے لیے بیرون ملک سرکاری دوروں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ سرکاری اجلاسوں کے لیے ویڈیو یا ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے صوبائی اور علاقائی حکومتوں سے بھی اسی طرز کے کفایت شعاری اقدامات اپنانے پر غور کرنے کو کہا ہے۔ تاہم پنجاب میں بازاروں کی تین روزہ بندش اور سرکاری ملازمین کے ہفتے میں تین دن چھٹی سے متعلق تجاویز کی حتمی منظوری یا باقاعدہ نوٹیفکیشن تاحال سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button