جتھوں سےنمٹنے کیلئے تیار ہیں،اسلام آباد پردھاوانہیں بولا جاسکتا،گولی کاجواب چپ ہوکر نہیں دیاجائےگا،محسن نقوی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد اسلام آباد پر دھاوا نہیں بولا جاسکتا، احتجاج کی وجہ سے اگر ایک بھی جان گئی تو اس کی ذمہ داری احتجاج کرنے والوں پر ہوگی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جلسے اور جلوس جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم جلسے جلوس کی جگہ جتھے لانے کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جتھوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور سکیورٹی فورسز کو بھی ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’گولی کا جواب چپ ہوکر نہیں دیا جائے گا‘‘، کسی بھی صورت ملک میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق احتجاج کے نام پر تشدد یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کا قانون کے مطابق جواب دیا جائے گا۔

محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور کابینہ پر زور دیا کہ وہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا کو احتجاج کرنا ہے تو اپنے علاقے میں کرے، کسی دوسرے صوبے پر حملہ کرنا مناسب نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسلام آباد پر دھاوا نہیں بولا جاسکتا اور حکومت دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی انتظامات پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button