چھاچھرو کے قریب افسوسناک واقعہ، بیوی کی مبینہ خودکشی کے پانچ روز بعد شوہر نے بھی زندگی ختم کرلی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) چھاچھرو کے قریب گاؤں مٹھڑیو سوٹہڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 22 سالہ نوجوان رمیش ولد پارو بھیل نے مبینہ طور پر گھر کے اندر پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق نوجوان کی بیوی نائمہ نے پانچ روز قبل سانگھڑ کے شہر سنجھورو میں اپنے والد کے گھر مبینہ طور پر خودکشی کی تھی، جس کے بعد نوجوان رمیش نے بھی انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رمیش اپنی بیوی کو واپس گھر لے جانے کے لیے چھاچھرو سے سنجھورو گیا تھا، تاہم مبینہ طور پر اس کے سسرال والوں نے نائمہ کو شوہر کے ساتھ جانے سے روک دیا۔ بعد ازاں نائمہ نے اپنے والدین کے گھر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر کھینسر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور نوجوان کی لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی۔

پولیس کے مطابق رمیش کی شادی تقریباً آٹھ ماہ قبل نائمہ سے ہوئی تھی۔ نائمہ کانہوڑو کا تہوار منانے کے لیے اپنے والدین کے گھر گئی تھی، جہاں سے رمیش اسے واپس لینے کے لیے سنجھورو گیا، تاہم مبینہ طور پر سسرال والوں کے انکار کے بعد معاملہ افسوسناک رخ اختیار کر گیا۔

پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ دونوں واقعات کی اصل وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button