زرمبادلہ ذخائر21ارب38کروڑ90لاکھ ڈالر ہوگئے

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑا اضافہ ہوگیا، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 21 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ ملکی مجموعی مائع زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 11 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب 6 کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد ذخائر 21.389 ارب ڈالر ہوگئے۔ اس اضافے میں یورو بانڈ کے اجرا سے حاصل ہونے والی رقم کا اہم کردار رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مستحکم معاشی پوزیشن سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی، جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی ملکی استعداد میں بھی اضافہ کرے گا۔

شہباز شریف کے مطابق مضبوط ذخائر سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاشی ٹیم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق 11 ستمبر تک کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 5.402 ارب ڈالر تھے، یوں ملک کے مجموعی مائع ذخائر 26.791 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

مزید خبریں

Back to top button