خواتین اور مردوں کے صنفی فرق پر سندھ کی پہلی جامع رپورٹ سامنے آگئی

ٹنڈوباگو (رپورٹ: محمد سلیم میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ میں صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے اہم پیش رفت، حکومت سندھ اور اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ (UNFPA) کے اشتراک سے صوبے کی تاریخ کی پہلی سندھ جینڈر پیرٹی رپورٹ 2023-2024 باضابطہ طور پر جاری کردی گئی۔ رپورٹ کی تیاری میں ٹنڈوباگو سے تعلق رکھنے والی بسمہ سلیم میمن نے بطور کنسلٹنٹ کور ٹیم کا حصہ بن کر اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ اور اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ (UNFPA) کے اشتراک سے تیار کی جانے والی سندھ جینڈر پیرٹی رپورٹ میں صوبے میں خواتین اور مردوں کے درمیان موجود صنفی فرق کا مختلف شعبوں میں تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ کی رونمائی کی تقریب 16 ستمبر کو منعقد ہوئی، جس میں حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام، اقوام متحدہ کے نمائندگان، سول سوسائٹی کے ماہرین اور محققین نے شرکت کی۔ بعد ازاں 17 ستمبر کو رپورٹ کی خصوصی کاپی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجیویر سنگھ سوڈھا کے توسط سے پیش کی گئی۔

رپورٹ کی تیاری میں ٹنڈوباگو سے تعلق رکھنے والی بسمہ سلیم میمن نے بطور کنسلٹنٹ کور ٹیم کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے ذمہ رپورٹ کی تیاری، اعدادوشمار کا تفصیلی تجزیہ، حتمی تدوین اور سندھ کے زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سفارشات مرتب کرنے کے اہم امور شامل رہے۔

جامع سندھ جینڈر پیرٹی رپورٹ میں PDHS، MICS اور لیبر فورس سروے سمیت مختلف مستند ذرائع سے حاصل کردہ اعدادوشمار شامل کیے گئے ہیں، جبکہ رپورٹ میں 143 جینڈر ڈس ایگریگیٹڈ اشاریوں کا تفصیلی تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں سندھ کی آبادی و ڈیموگرافی، حکمرانی اور فیصلہ سازی میں شرکت، صحت و زچہ و بچہ کی فلاح و بہبود، تعلیم و خواندگی، انصاف تک رسائی اور معاشی مواقع سمیت مختلف اہم شعبوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ کا بنیادی مقصد سندھ میں خواتین اور مردوں کے درمیان موجود صنفی خلیج کی نشاندہی کرنا، خواتین کو مساوی ترقیاتی مواقع کی فراہمی کے لیے شواہد فراہم کرنا اور مستقبل کی پالیسی سازی کو مستند اعدادوشمار اور زمینی حقائق سے مربوط کرنا ہے۔

ٹنڈوباگو سے تعلق رکھنے والی بسمہ سلیم میمن کی اس اہم صوبائی تحقیقی منصوبے میں بطور کنسلٹنٹ شمولیت کو ٹنڈوباگو اور ضلع بدین کے لیے بھی ایک قابل ذکر پیشہ ورانہ اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button