پاکستان سے یورپ غیرقانونی امیگریشن میں64فیصد ریکارڈ کمی،عالمی اداروں نے اقدامات سراہ دیے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان سے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی ریکارڈ ہونے پر انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (ICMPD) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی فرنٹیکس نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آئی سی ایم پی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب اور فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام، بارڈر مینجمنٹ اور باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی ایک مشکل ہدف تھا، جسے پوری ٹیم کی مسلسل محنت سے حاصل کیا گیا۔ ان کے مطابق غیرقانونی امیگریشن میں مزید کمی کے لیے قانونی مائیگریشن کی نئی راہیں کھولنا، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور افسران کی تربیت ضروری ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن میں 100 فیصد کمی اگلا ہدف ہے۔ بارڈر مینجمنٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

محسن نقوی کے مطابق پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر 500 امیگریشن کاؤنٹرز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں سے منسلک کرنا بھی ہدف ہے، تاکہ غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور کارروائی کو مؤثر بنایا جاسکے۔

آئی سی ایم پی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب نے پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کوششوں کو سراہا جبکہ آئی سی ایم پی ڈی کے وفد نے ایف آئی اے کی رسک اینالیسس رپورٹ کی بھی تعریف کی۔

فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے بھی پاکستان کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مزید تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

مزید خبریں

Back to top button