ٹنڈوباگو میں خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، مزاحمت پر تشدد کا الزام، ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ

ٹنڈوباگو (رپورٹ: محمد سلیم میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ٹنڈوباگو کے وارڈ نمبر 7 میں خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور مزاحمت پر تشدد کے الزام نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ کھیری برادری کے مرد، خواتین اور بچوں نے مبینہ واقعے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے پولیس سے مبینہ ملزم کی فوری گرفتاری اور متاثرہ خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین رمضان کھیری، شہناز کھیری، شاہدہ کھیری، بھاگاں اور میر زادی کھیری سمیت دیگر افراد نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز محلے کا نوجوان زاکر کھیری مبینہ طور پر شہناز کھیری کے گھر میں داخل ہوا اور خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔

مظاہرین کے مطابق خاتون کی جانب سے مزاحمت کرنے پر مبینہ ملزم نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق این سی ٹنڈوباگو تھانے میں درج کرائی جاچکی ہے، تاہم ان کے بقول پولیس تاحال مبینہ ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی، جس کے باعث متاثرہ خاتون اور اس کے اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

کھیری برادری کے افراد نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مبینہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، مبینہ ملزم کو گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاتون کو انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر فوری کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button