پٹرول ریلیف اسکیم پر بڑا بریک تھرو، حکومت اور ڈیلرز میں مذاکرات کامیاب،ادائیگیوں کا طریقہ کار طے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پیٹرول ریلیف اسکیم پر حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان ریلیف اسکیم کے مالیاتی طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا۔ مذاکرات کے بعد ڈیلرز نے ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسٹیٹ بینک ادائیگیوں کے عمل میں ضامن ہوگا جبکہ طے شدہ رقم دو روز کے اندر پیٹرولیم ڈیلرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن بھی آج جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا مالیاتی طریقہ کار مزید واضح ہوجائے گا۔

پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے اور مالیاتی نظام پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

اجلاس میں وزیر پیٹرولیم نے آئندہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

پیٹرول ریلیف اسکیم کے مالیاتی معاملات طے پانے کے بعد اب ڈیلرز کی جانب سے پیکیج پر عملی طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے، جس سے اسکیم کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button