جانی ڈیپ نے گھر نہیں بلکہ پورا گاؤں خرید لیا، کروڑوں ڈالرز کی پراپرٹی میں کیا کچھ موجود ہے؟

ہالی ووڈ(جانو ڈاٹ پی کے)ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ نے فرانس میں چھٹیاں گزارنے کے لیے محض ایک گھر خریدنے کے بجائے تقریباً 30 ایکڑ پر مشتمل پورا گاؤں ہی خرید لیا، جسے انہوں نے اپنے ذوق اور تخلیقی انداز کے مطابق ایک منفرد نجی ٹھکانے میں تبدیل کردیا۔
جنوبی فرانس میں سینٹ ٹروپے کے قریب واقع اس تاریخی مقام میں رہائشی مکانات کے علاوہ مہمانوں کے لیے کاٹیجز، کیفے، سوئمنگ پول، باغات اور اسکیٹ پارک سمیت متعدد سہولیات موجود ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جانی ڈیپ نے 2001 میں 19ویں صدی کے اس ویران گاؤں کو تقریباً 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا، جبکہ بعد ازاں اس کی تزئین و بحالی پر مزید تقریباً ایک کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے۔
اداکار نے گاؤں کی تاریخی شناخت برقرار رکھتے ہوئے مختلف عمارتوں کو اپنی پسند کے مطابق سجایا اور روایتی فرانسیسی طرزِ تعمیر کو اپنے فنکارانہ ذوق کے ساتھ جوڑا۔
اس منفرد جائیداد میں ’کیفے مارشلین‘ نامی بائسٹرو اور جانی ڈیپ کے بیٹے جیک کے لیے بنایا گیا اسکیٹ پارک بھی شامل ہے۔ ایک قدیم چرچ کی عمارت کو مہمان خانے میں تبدیل کیا گیا، جبکہ چرچ کی پرانی اعترافی نشست کو بھی منفرد انداز میں الماری کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
جائیداد میں ایک پرانی گاڑی کو بھی غیر معمولی انداز میں تبدیل کیا گیا ہے، جس کے اندر کچن اور باتھ روم بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ سے متاثر ایک تھیم والا شراب خانہ بھی اس مقام کا حصہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ جائیداد ماضی میں فروخت کے لیے بھی پیش کی گئی۔ 2015 میں تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں فروخت کی کوشش کی گئی، تاہم خریدار نہ مل سکا۔ بعد ازاں 2021 میں اسے تقریباً 5 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کی قیمت پر دوبارہ مارکیٹ کیا گیا۔
جون 2024 میں رپورٹس سامنے آئیں کہ جانی ڈیپ نے بالآخر جائیداد کو مارکیٹ سے ہٹا لیا اور اسے فروخت کرنے کے بجائے مزید تزئین و آرائش پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔
جانی ڈیپ ماضی میں اس گاؤں کی زندگی کو یاد کرتے ہوئے اسے جنت سے تشبیہ دے چکے ہیں۔ ایک سابق انٹرویو میں اداکار نے بتایا تھا کہ سابق پارٹنر وینیسا پیراڈس اور بچوں کے ساتھ وہاں قیام کے دوران انہیں انتہائی پرسکون زندگی کا احساس ہوتا تھا، جہاں وہ باغبانی بھی کیا کرتے تھے۔



