کترینہ کیف کی باڈی شیمنگ پر علی ظفر کا سخت ردعمل، مردوں کو اپنے رویوں پر نظرثانی کا مشورہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر نے بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی بعد از زچگی باڈی شیمنگ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خواتین کے ظاہری حلیے پر غیر ضروری تبصروں کی مذمت کردی۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں علی ظفر نے خواتین کے ماضی اور موجودہ حلیے کا موازنہ کرنے والی سوچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں خواتین سے جسم، زندگی اور ظاہری شکل کے حوالے سے مخصوص معیار پر پورا اترنے کی توقع کی جاتی ہے، تاہم کسی انسان کو اس انداز سے دیکھنا مناسب نہیں۔
علی ظفر نے خاص طور پر مردوں پر زور دیا کہ وہ اپنے رویوں کا جائزہ لیں، کیونکہ خواتین کے حلیے اور جسم پر غیر ضروری تبصرے معاشرے میں عام ہوتے جا رہے ہیں۔
اداکار نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ خود ماضی میں دوسروں کے حلیے پر تنقید کرچکے ہیں، تاہم اب وہ اپنے اس رویے کو درست نہیں سمجھتے اور اسے تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔
علی ظفر اور کترینہ کیف 2011 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں۔
کترینہ کیف کو حالیہ دنوں شوہر وکی کوشل کے ہمراہ عوامی مقامات پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے وزن میں اضافے سے متعلق مختلف تبصرے سامنے آئے۔ اسی تناظر میں علی ظفر کی جانب سے خواتین کی باڈی شیمنگ کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔



