سی پی ایل میں پاکستانی نوجوان کا طوفان، معاذ صداقت نے پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری جڑ کر تاریخ رقم کردی

جمیکا (جانو ڈاٹ پی کے) کیریبیئن پریمیئر لیگ (CPL) میں پاکستانی بیٹر معاذ صداقت نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کردی، جس کی بدولت جمیکا کنگز نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائر 2 میں جگہ بنا لی۔

معاذ صداقت نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کے خلاف طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے صرف 44 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 49 گیندوں پر 112 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

پاکستانی بیٹر نے اپنی نصف سنچری بھی انتہائی جارحانہ انداز میں صرف 22 گیندوں پر مکمل کی، جبکہ ان کی برق رفتاری سے کھیلی گئی اننگز نے جمیکا کنگز کو ہدف کے تعاقب میں نمایاں برتری فراہم کی۔

معاذ صداقت 14ویں اوور میں 112 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کی اننگز جمیکا کنگز کو کامیابی دلانے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ معاذ صداقت نے سی پی ایل میں سنچری بنانے والے کم عمر ترین بلے باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

پاکستانی نوجوان کی اس دھواں دار اننگز نے نہ صرف سی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کی بلکہ عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی ان کی صلاحیتوں کو نمایاں کردیا۔

مزید خبریں

Back to top button