ایشین گیمز سے قبل کھلاڑیوں کی رہائش پر سوالات، کنٹینر ہٹس میں پانی لیک ہونے کی شکایات

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) جاپان میں ہفتے سے شروع ہونے والے ایشین گیمز سے قبل ہزاروں ایتھلیٹس اور آفیشلز کے لیے تیار کیے گئے لکڑی کے عارضی کنٹینر ہٹس رہائش کی سہولیات کے حوالے سے تنقید کی زد میں آگئے۔

منتظمین نے تقریباً 2 ہزار کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے یہ عارضی رہائش گاہیں تیار کی ہیں، تاہم بعض وفود کی جانب سے سہولیات سے متعلق شکایات سامنے آئی ہیں۔

کوریا باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر جنگ جے یونگ نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے رہائش کے انتظامات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق دو میٹر سے زائد قد رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے بستر اتنے مختصر ہیں کہ وہ اپنی ٹانگیں بھی مکمل طور پر سیدھی نہیں کر سکتے۔

جنوبی کوریا کی باسکٹ بال ٹیم کے ایک رکن نے اپنے کمرے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں پائپ سے پانی لیک ہونے اور فرش پر پانی جمع ہونے کا منظر دکھائی دیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے ناگویا میں ریکارڈ بارش اور سیلاب کے باعث کنٹینر ہٹس میں مقیم ایتھلیٹس کو بھی مختصر وقت کے لیے وہاں سے منتقل کرنا پڑا۔

دوسری جانب ایشین گیمز کے منتظمین کا کہنا ہے کہ انہیں کھلاڑیوں کے تحفظات کا علم ہے اور رہائشی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ایشین گیمز میں 17 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے، جبکہ کھیلوں کا باقاعدہ آغاز ہفتے سے ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button