ٹرمپ کی آئندہ ہفتے خلیجی رہنماؤں سے ملاقات متوقع، ایران جنگ کے بعد کی حکمت عملی پر غور ہوگا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آئندہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر خلیج تعاون کونسل (GCC) کے رکن ممالک کے رہنماؤں یا نمائندوں سے ملاقات متوقع ہے، جس میں ایران کے ساتھ جاری جنگ اور اس کے بعد خطے کے لیے امریکی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق یہ ملاقاتیں آئندہ منگل کو متوقع ہیں، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان کے نمائندے شریک ہوں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ان ملاقاتوں کے لیے ابتدائی دعوت نامے بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایران جنگ کے خاتمے کے بعد خطے کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کر رہی ہے، جبکہ اس منصوبے کو آئندہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
ایگزیوس کے مطابق ایران کے ساتھ تنازع کے دوران خلیجی ممالک کو، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، ایرانی حملوں اور تیل و گیس کی برآمدات میں رکاوٹوں کے باعث معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسی تناظر میں واشنگٹن اور خلیجی دارالحکومتوں کے درمیان مستقبل کے علاقائی سکیورٹی انتظامات پر مشاورت بھی متوقع ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو بھی امید ظاہر کی تھی کہ ایران کے ساتھ جنگ اپنے اختتام کے قریب پہنچ رہی ہے، تاہم رائٹرز کے مطابق اس وقت جنگ کے فوری خاتمے کے واضح آثار موجود نہیں تھے۔



