سلمان خان کے ہاتھ میں ہمیشہ رہنے والے بریسلٹ کارازکیا ہے؟والد سے ملنے والے تحفے کی کہانی سامنے آگئی

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کے دائیں ہاتھ میں نظر آنے والا مخصوص فیروزی بریسلٹ ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اداکار کو عام دنوں کے علاوہ تقریبات اور دیگر خصوصی مواقع پر بھی یہ بریسلٹ پہنے دیکھا جاتا ہے۔

سلمان خان کے اس بریسلٹ سے متعلق سوالات ماضی میں بھی کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آتے رہے ہیں، تاہم اداکار خود ایک پرانے انٹرویو میں اس کی حقیقت بیان کرچکے ہیں۔

سلمان خان کے مطابق یہ بریسلٹ ان کے والد اور معروف فلمی شخصیت سلیم خان پہنا کرتے تھے۔ اداکار نے بتایا تھا کہ وہ بچپن میں اپنے والد کے بریسلٹ سے کھیلا بھی کرتے تھے۔

بعدازاں جب سلمان خان نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تو سلیم خان نے یہ بریسلٹ اپنے بیٹے کو تحفے میں دے دیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ بریسلٹ سلمان خان کے لباس اور شخصیت کا مستقل حصہ بن گیا اور وہ اسے مسلسل پہنتے چلے آرہے ہیں۔

اداکار نے فیروزی پتھر کے حوالے سے اپنے ایک خاص عقیدے کا بھی ذکر کیا تھا۔ ان کے مطابق یہ پتھر منفی اثرات کو جذب کرنے اور انسان کو ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

یوں سلمان خان کے لیے یہ بریسلٹ محض فیشن یا زیور نہیں بلکہ والد کی محبت، خاندانی یاد اور جذباتی وابستگی کی علامت بھی ہے، جسے وہ برسوں سے اپنے ساتھ رکھے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button