ایمی ورک کے کنسرٹ کے بعد کینیڈا میں فائرنگ،7گولیاں چلنے کاانکشاف

ایبٹسفورڈ (جانو ڈاٹ پی کے) کینیڈا میں بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کے کنسرٹ کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم گلوکار کے والد نے ان خبروں کی تردید کردی ہے کہ فائرنگ میں ایمی ورک یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 5 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں میکلم روڈ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کو ایک گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع ملی، جس پر مبینہ طور پر 7 گولیاں چلائی گئی تھیں، تاہم واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی بلٹ پروف گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے وابستہ قافلے کا حصہ تھی۔ تاہم پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ فائرنگ کرنے والوں کا اصل ہدف کون تھا۔
واقعے کے کچھ دیر بعد قریب ہی سنی سائیڈ پلیس کے علاقے میں ایک دوسری گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی ملی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو مکمل طور پر جلی ہوئی حالت میں پایا اور اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ فائرنگ سے کسی طور منسلک ہے یا نہیں۔
دوسری جانب ایمی ورک کے والد نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ حملہ براہ راست گلوکار یا ان کی گاڑی پر کیا گیا تھا۔ پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے محرکات اور ممکنہ ہدف سے متعلق مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔



