موسیقی کے بعد کیڑوں کی دنیا میں بھی ٹیلر سوئفٹ کی دھوم، سائنسدانوں کا منفرد اقدام

کیلیفورنیا (جانو ڈاٹ پی کے) عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے نام ایک منفرد اعزاز ہوگیا، تاہم اس بار معاملہ موسیقی نہیں بلکہ کیڑوں کی دنیا سے متعلق ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریورسائیڈ کے محققین نے آسٹریلیا میں پودوں پر خوراک حاصل کرنے والے کیڑوں کی 12 نئی اقسام کو سائنسی طور پر بیان کیا ہے، جن میں ایک نئی جنس کا نام ٹیلر سوئفٹ اور ان کے مداحوں ’سوئفٹیز‘ سے متاثر ہو کر ’سوئفٹی فیلس‘ (Swiftiephylus) رکھا گیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اس نئی جنس کی چار اقسام کے نام بھی ٹیلر سوئفٹ اور ان کے مشہور البمز سے متاثر ہو کر رکھے گئے ہیں، جس نے اس سائنسی دریافت کو گلوکارہ کے مداحوں کے لیے مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
اس منفرد نام کی تجویز دینے والی محقق سارہ شروڈر خود بھی طویل عرصے سے ٹیلر سوئفٹ کی مداح ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف اپنی پسندیدہ گلوکارہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے بلکہ ان کیڑوں کی سائنسی اور ماحولیاتی اہمیت کی جانب بھی عوام کی توجہ مبذول کرانا ہے۔
یوں ٹیلر سوئفٹ کا نام اب موسیقی اور پاپ کلچر کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی تحقیق کی دنیا میں بھی سائنسی نام کا حصہ بن گیا ہے۔



