ننکانہ صاحب میں برائلر گوشت سرکاری نرخ سے مہنگا فروخت، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

ننکانہ صاحب (رضوان سلطان، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) ننکانہ صاحب میں برائلر گوشت سرکاری نرخ نامے کے بجائے من مانے نرخوں پر فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت بھی 400 روپے فی درجن تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں برائلر گوشت سرکاری نرخ نامے سے زائد قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب فارمی انڈے بھی 400 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی، فوڈ سیفٹی اور کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث دکاندار مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق واربرٹن، شاہکوٹ اور سانگلہ ہل سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں چکن ایک ہی نرخ پر دستیاب نہیں، جس سے صارفین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ننکانہ صاحب کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر رعنا حمید سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں سرکاری نرخ نامے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے، گراں فروشی کے خلاف کارروائی کی جائے اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد ہونے سے نہ صرف گراں فروشی کا خاتمہ ہوگا بلکہ عوام کی مشکلات اور محرومیوں میں بھی کمی آئے گی۔

مزید خبریں

Back to top button