ارباز خان نے خوشبو خان سے طلاق کی خبروں کی تردید کردی،’’ہم صرف علیحدہ رہ رہے ہیں‘‘

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم اسٹار ارباز خان نے اداکارہ خوشبو خان سے طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق نہیں ہوئی بلکہ وہ اس وقت علیحدہ رہ رہے ہیں۔
ارباز خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز معروف فلم ساز سید نور کی فلم ’گھونگھٹ‘ سے کیا، جبکہ انہوں نے پنجابی اور پشتو فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ معروف پشتو فلم اداکار آصف خان کے بیٹے ہیں۔
ارباز خان نے 2004ء میں اداکارہ خوشبو خان سے شادی کی تھی، دونوں کے دو بیٹے اریان خان اور شایان خان ہیں۔
چند روز قبل خوشبو خان کی جانب سے طلاق سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد ارباز خان نے بھی ایک پوڈکاسٹ میں اپنی ازدواجی زندگی اور موجودہ تعلق کے حوالے سے وضاحت کی۔
ارباز خان نے بتایا کہ شادی سے قبل بھی وہ اور خوشبو خان ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے اور دونوں کی دوستی 1996ء سے 2003ء تک رہی، جس کے بعد انہوں نے شادی کرلی۔
اداکار نے کہا کہ وہ اور خوشبو ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، یہ بات سب جانتے ہیں، ان کے دو بچے ہیں اور وہ طلاق یافتہ نہیں بلکہ علیحدہ رہ رہے ہیں۔
ارباز خان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر ان سے طلاق کے بارے میں سوال کرتے ہیں، تاہم ہر شخص کی اپنی ذاتی زندگی ہوتی ہے اور وہ اپنی نجی زندگی کو عوام کے سامنے لانا پسند نہیں کرتے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں بیٹے اپنی والدہ خوشبو خان کے ساتھ رہتے ہیں، وہ ان سے ملنے آتے ہیں جبکہ ارباز خان بھی بچوں سے ملاقات کے لیے لاہور جاتے ہیں۔
اداکار کے مطابق ان کا بڑا بیٹا او لیولز مکمل کرچکا ہے اور بچوں کے ساتھ ان کے تعلقات خوش گوار ہیں۔



