ایران جنگ کا خواہاں نہیں، جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیں گے، مسعود پزشکیان


تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم جارحیت کے سامنے کبھی خاموش نہیں رہے گا اور کسی بھی جارح کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
کرغزستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور بے امنی کسی کے مفاد میں نہیں، اس صورتحال سے سب کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کی سلامتی اور معاشی ترقی یقینی بنانے کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی بیانیہ مسلط کرنے کی کوششوں کے مقابلے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔
مسعود پزشکیان کے مطابق اجلاس کے موقع پر ہونے والی سائیڈ لائن ملاقاتیں علاقائی سلامتی، معاشی اور سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں، جبکہ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں تمام ممالک کے لیے سازگار نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔