امریکا کا ایران پر معاشی شکنجہ مزید سخت کرنے کا اعلان، چین بھی پابندیوں کی زد میں آسکتا ہے، سکاٹ بیسنٹ


واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششیں مزید تیز کردی ہیں اور رواں ہفتے ایران سے کاروباری روابط رکھنے والے ایک اور بینک پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر واشنگٹن ایران کے خلاف اپنی مالیاتی طاقت بھرپور انداز میں استعمال کرے گا۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق آئندہ جی 20 اجلاس میں چینی حکام کے ساتھ ایران کے ساتھ تجارت کے معاملے پر بھی بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے خلاف پابندیوں سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں، کیونکہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کا اہم خریدار ہے۔
سکاٹ بیسنٹ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے میں فوجی کشیدگی کے بعد تہران کے مالیاتی روابط محدود کرنے کی کوششیں بھی تیز کررہا ہے۔