ملیر میں 312 بستروں کا جدید اسپتال، وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کا معائنہ کرلیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر میں زیرِ تعمیر حسن سلیمان میموریل اسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں، وارڈز اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے قائم ہونے والا یہ اسپتال 312 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اسپتال کا مجموعی رقبہ 3 لاکھ 23 ہزار مربع فٹ ہے، جبکہ یہاں ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، امراض قلب کے علاج، ایمرجنسی، او پی ڈی، آئی سی یو اور سی سی یو سمیت جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال کا تصور امریکا اور پاکستان میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں نے پیش کیا، جبکہ ڈاکٹر جاوید سلیمان کی قیادت میں منصوبے پر کام شروع کیا گیا۔ ملیر میں معیاری طبی سہولیات کی کمی کے باعث اسپتال کے لیے اس علاقے کا انتخاب کیا گیا۔
حکومت سندھ نے اسپتال کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کرنے کے ساتھ مساوی گرانٹ بھی منظور کی ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 23.5 ملین ڈالر ہے اور تعمیر کا آغاز دسمبر 2022 میں ہوا تھا۔
منصوبے کے مطابق حسن سلیمان میموریل اسپتال کا افتتاح 25 دسمبر 2026 کو کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسپتال سے ملیر کے عوام کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ سندھ کے تمام شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور صحت کے شعبے میں بھی نجی شراکت داروں کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کی جا رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ لاڑکانہ میں بھی جاوید سلیمان کے تعاون سے 600 بستروں پر مشتمل اسپتال شروع کیا گیا ہے۔



