کرینہ کپور کے تیسرے حمل کی افواہیں، اداکارہ کے قریبی ذرائع نے حقیقت بتا دی

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے تیسرے حمل سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں نے زور پکڑ لیا، تاہم اداکارہ کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کرینہ کپور کی جم کے باہر بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں ان کے وزن میں معمولی اضافے کے بعد مداحوں نے ان کے تیسرے حمل سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کردیں۔
رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور اور ان کے شوہر، اداکار سیف علی خان، حال ہی میں اپنے بچوں تیمور اور جہانگیر کے ہمراہ ساحل سمندر پر چھٹیاں گزارنے کے بعد ممبئی واپس پہنچے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں کرینہ کو جم کے لباس میں اپنی گاڑی کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے تیسرے حمل کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔
تاہم افواہوں کے سامنے آنے کے فوراً بعد کرینہ کپور کے قریبی ذرائع نے ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں واضح کیا کہ اداکارہ حاملہ نہیں ہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور ماضی میں بھی اپنے خاندانی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرچکی ہیں اور مزید بچے نہ چاہنے کا عندیہ دے چکی ہیں۔



