میرپورخاص محکمہ تعلیم میں جعلی اساتذہ کی بھرتیوں کا انکشاف

میرپورخاص (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم میرپورخاص میں 6 سیکنڈری اسکول ٹیچرز کی مبینہ جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام نے کارروائی شروع کردی۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میر فضل تالپر کے مطابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو خط لکھ کر مذکورہ 6 اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ آئی ٹی ڈیٹا سینٹر کو بھی جعلی اساتذہ کا بائیومیٹرک ریکارڈ منسوخ کرنے کے لیے خط ارسال کردیا گیا ہے۔

ڈی ای او کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر تعلیم، ڈی ای او اور 2 تعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

میر فضل تالپر نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ان مبینہ جعلی اساتذہ سے کبھی نہیں ملے اور نہ ہی انہیں دیکھا ہے۔ ان کے مطابق جعلی بھرتیوں کے لیے ان سمیت دیگر افسران کے جعلی دستخط اور مہریں استعمال کی گئیں۔

ڈی ای او کا کہنا ہے کہ تعلقہ افسران کی شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے جعلی اساتذہ کی تنخواہیں روک دی گئیں، جبکہ انہوں نے انکوائری کمیٹی کے سامنے اپنا جواب بھی جمع کرا دیا ہے۔

حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button