پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کو 2 ارب ڈالر سے زائد نقصان

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارت کی پانچ بڑی ایئرلائنز شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئی ہیں، جبکہ بھارتی ایئرلائنز کو اب تک 2 ارب ڈالر سے زائد نقصان ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور ورلڈ فلائٹ انفارمیشن ڈیٹا کے مطابق ایئر انڈیا، انڈیگو، ایئر انڈیا ایکسپریس، اکاسا ایئر اور اسپائس جیٹ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی بھارتی ایئرلائنز میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ہفتہ وار تقریباً 800 بھارتی پروازیں متاثر ہورہی ہیں، جبکہ دہلی کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں ہفتہ وار تقریباً 640 پروازیں متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی فضائی حدود استعمال نہ کرسکنے کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو طویل متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے پروازوں کے دورانیے میں ایک سے تین گھنٹے تک اضافہ ہوگیا ہے۔ اضافی ایندھن، لینڈنگ، ٹیک آف اور پارکنگ چارجز کے ساتھ عملے اور دیگر آپریشنل اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اور خلیجی فضائی راستوں سے متعلق مشکلات اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے بھارتی ایئرلائنز کے مسائل مزید بڑھا دیے ہیں، جبکہ رواں سال انہیں مزید 600 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارتی ریٹنگ ایجنسی آئی سی آر اے نے بھی بھارتی ایئرلائنز کے مالی نقصانات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ مسلسل فضائی پابندیوں اور طویل روٹس کے باعث بھارتی فضائی کمپنیاں شدید مالی دباؤ میں ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بھارتی ایئرلائنز پر فضائی پابندی ستمبر 2026 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پابندی کے تحت بھارتی مسافر طیاروں کے علاوہ ملٹری اور کارگو طیارے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکتے۔



