راولپنڈی میں شوہر نے مبینہ طور پر ملازم اور والد کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کردیا

راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی کے علاقے لال کرتی میں مبینہ طور پر شوہر نے گھریلو ملازم اور اپنے والد کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کردیا، پولیس نے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سول لائنز کی حدود میں پیش آیا جہاں خاتون حنا کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی۔ مقتولہ کی شادی تقریباً 9 ماہ قبل ہوئی تھی۔
مقتولہ کے بھائی کے مطابق لاش کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے جبکہ منہ پر کپڑا بھی بندھا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ اس کا بہنوئی پہلے بھی حنا کو مبینہ طور پر اذیت دیتا رہا تھا۔ ان کے مطابق ملزم کی یہ دوسری شادی تھی جبکہ اس کی پہلی بیوی طلاق لے چکی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کرایا جاچکا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
متاثرہ خاندان نے مقتولہ کے سسر اصغر علی کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق سسر مقدمے میں نامزد ہے لیکن تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



