18سالہ پیپلز پارٹی حکومت میں سندھ بہت پیچھے رہ گیا، حافظ نعیم الرحمان

حیدرآباد (جانو ڈاٹ پی کے)18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت، سندھ بہت پیچھے رہ گیا، حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کردی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حیدرآباد میں پٹرولیم لیوی کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست خاندانوں، شخصیات اور تعصب کے گرد گھومتی رہ گئی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے سندھ کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن سندھ بہت پیچھے چلا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں مؤثر ٹرانسپورٹ نظام موجود نہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور شہر کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام ایسی سیاسی قوت کی تلاش میں ہیں جو انہیں موجودہ صورتحال سے نکال سکے۔انہوں نے آئی پی پیز کے معاملے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کا سلسلہ 1994 میں پیپلز پارٹی کے دور میں شروع ہوا اور بعد میں آنے والی سیاسی جماعتوں نے بھی اس معاملے پر کام کیا۔ ان کے مطابق یہی سیاسی جماعتیں آئی پی پیز کو مضبوط کرتی رہی ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سیاست خاندانوں تک محدود ہوگئی ہے، جبکہ ان کے بقول چینی، آٹا مافیا اور کارٹیلز جب سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کا حصہ بنتے ہیں تو ان کے خلاف مؤثر آواز نہیں اٹھائی جاتی۔

مزید خبریں

Back to top button