یمن اور صومالیہ کے قریب قزاقوں نے 2 جہازوں پر قبضہ کرلیا،22 بھارتی اغوا

پونٹ لینڈ(جانوڈاٹ پی کے)یمن اور صومالیہ کے قریب مسلح قزاقوں نے دو تجارتی جہازوں کو الگ الگ کارروائیوں میں اغوا کرلیا دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر 22 بھارتی ملاح سوار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ جہاز رانی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پہلا واقعہ 17 اگست کو صومالیہ کے علاقے پونٹ لینڈ کے ساحل کے قریب پیش آیا تھا۔
جہاں کیمرون کے پرچم بردار تجارتی جہاز ایم وی لُطف کو مسلح قزاقوں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس جہاز پر عملے کے 10 افراد میں سے 6 بھارتی شہری ہیں۔
گزشتہ روز بھی بحری قزاق یمن کے خلیجِ عدن میں اریٹیریا کے پرچم بردار آئل ٹینکر پر قبضہ کرکے صومالیہ لے گئے۔ اس جہاز پر بھی 20 میں سے 16 ملاح بھارتی ہیں۔
اس طرح مجموعی طور پر دو تجارتی جہازوں کے 22 بھارتی ملاح اس وقت بحری قزاقوں کی تحویل میں ہیں۔ جن کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔



