تھر میں سیاحوں کے لیے احتیاط کی گھنٹی، حادثات میں 2 نوجوان جاں بحق، 27 زخمی

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کی سیر کے لیے آنے والے سیاح مختلف حادثات کا شکار ہوگئے، سڑک اور پانی کے حادثات میں 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 27 سیاح زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق تھر کی سیر کے لیے آنے والا نوجوان سجاد عرف حاجی وگھیئو سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ تھر کی سڑکوں پر سفر کے دوران انتہائی احتیاط کریں، گاڑیاں مقررہ رفتار کے مطابق چلائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

دوسری جانب نگرپارکر کے مشہور مایا ڈیم میں سیر کے لیے آنے والا تعلقہ کلوئی کے گاؤں ویسری لاکھا کا رہائشی نوجوان مقصود لاکھو نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقصود لاکھو نادرا آفس کلوئی کے سکیورٹی گارڈ محمد عرس لاکھو کا بھائی تھا۔

ادھر نگرپارکر کے سرکاری اسپتال میں بھی مختلف حادثات کے باعث زخمی سیاحوں کی آمد جاری رہی۔ اطلاعات کے مطابق صرف تین گھنٹوں کے دوران 8 سے زائد زخمی سیاح اسپتال پہنچے۔

زخمیوں میں کھپرو کا رہائشی مکیش ولد موتی میگھواڑ بھی شامل ہے، جس کی ٹانگ پر شدید چوٹ آنے کے باعث اسے مزید علاج کے لیے مٹھی ریفر کردیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد اور مرہم پٹی کے بعد روانہ کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز مجموعی طور پر 27 سیاح مختلف حادثات میں زخمی ہوئے، جس کے بعد تھر کے سیاحتی مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تھر کے سیاحتی مقامات، ڈیموں اور پانی والے مقامات پر حفاظتی انتظامات، وارننگ بورڈز اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔

شہریوں نے سیاحوں سے بھی اپیل کی کہ تیز رفتاری، لاپرواہی اور بغیر حفاظتی انتظامات کے پانی میں اترنے سے گریز کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button