اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے، پیر علی گوہر

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اسو حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی انسان دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، جس پر عمل کرکے معاشرے میں امن، محبت، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر علی گوھر آستانہ عالیہ جندھڑ شریف نے انجمن فلاح نوجوانان ادارہ ترک منشیات کئیر سنٹر کے وزٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر عدنان محمود گجر،مرزا نوید احمد،محمد اسلام،خان آصف خان،محمد وسیم،محمد اعظم،چراغدین گجر،احمد رضاگجر،محمد آصف،محمد حسن،محمد عمران،نعیم اشرف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔پیر علی گوھر نے کہا کہ آستانے بھی حضور نبی کریم ﷺ سے محبت، عقیدت اور نماز کی پابندی کا درس دیتے ہیں۔ اولیائے کرام نے ہمیشہ اپنی تعلیمات کے ذریعے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی عبادت، نماز کی پابندی، نیکی، حسنِ اخلاق اور حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف راغب کیا۔ ہمیں چاہیے کہ ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت، عدل و انصاف، حسنِ اخلاق، صبر، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ موجودہ دور میں معاشرتی مسائل اور بے سکونی کا بنیادی حل بھی سیرتِ طیبہ ﷺ میں موجود ہے اگر مسلمان اپنے معاملات، کاروبار، معاشرت اور باہمی تعلقات میں حضور اکرم ﷺ کے اسو حسنہ کو اپنائیں اور نماز کی پابندی کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں تو دنیا میں بھی عزت و کامیابی حاصل ہوگی اور آخرت میں بھی سرخروئی نصیب ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button