سندھ کی وحدت کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دیں گے، سندھ ترقی پسند پارٹی کی ٹھٹھہ میں ریلی

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) سندھ کی وحدت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے ٹھٹھہ میں ریلی نکالی گئی، جس میں سندھ کی ممکنہ تقسیم اور صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں، بالخصوص افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

ریلی سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے صدر سید جلال شاہ، راجو قریشی، جمیل سموں، صاحب ڈنو سموں اور ناتھو بروہی کی قیادت میں مین اسٹاپ سے نکالی گئی اور پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ کر احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام صوبے کی کسی بھی ممکنہ تقسیم کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور اپنے تاریخی وطن کی وحدت اور ایک ایک انچ کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم سندھ حکومت اس معاملے پر خاموش ہے۔ ان کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سندھ میں مقیم غیر قانونی افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

مقررین نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کی سہولت کاری کر رہی ہے اور سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہوت خان گڈاہی، خدا بخش درس سمیت دیگر گرفتار رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

ریلی کے شرکا نے کہا کہ سندھ کی وحدت کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کسی قسم کے دباؤ یا گرفتاریوں سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے صوبے کی ممکنہ تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، تاہم سندھ اسمبلی کو بھی سندھ کی وحدت کے تحفظ کے لیے واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

اس موقع پر کارکنوں نے سندھ کی ممکنہ تقسیم، گرفتار رہنماؤں کی عدم رہائی اور بعض سیاسی رہنماؤں کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

مزید خبریں

Back to top button