حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر احتجاج کی اپیل، 7 اگست کو سڑکوں پر نکلنے کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد شام 4 بجے سڑکوں پر نکلیں اور احتجاجاً اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر دیں۔
ویڈیو پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور اشیائے خورونوش پر بھاری ٹیکسوں کا بوجھ براہِ راست عام شہری برداشت کر رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 27 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ پٹرول پر عائد ٹیکس عام موٹر سائیکل سوار اور غریب عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں حکومت نے لیوی کی مد میں تقریباً 1,900 ارب روپے وصول کیے، جبکہ عام شہری مختلف بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے بھی ریاست کو ادائیگیاں کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جس طرح عوام نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا، اسی طرح اب مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف بھی منظم آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام نے اپنا مؤقف نہ اٹھایا تو مزید لیوی اور ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ اشرافیہ کی مراعات برقرار ہیں جبکہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا زیادہ بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔



