اوپن ڈور پالیسی: اے سی بورے والا جواد حسین ملک کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل موقع پر حل

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو / جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ویژن "اوپن ڈور پالیسی” کے تحت اسسٹنٹ کمشنر بورے والا جواد حسین ملک متحرک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اے سی آفس میں شہریوں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں اور ان کے درپیش مسائل سنے۔

تفصیلات کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک نے اپنے دفتر کے دروازے عوام الناس کے لیے کھول دیے، جہاں انہوں نے دور دراز سے آئے شہریوں کے انفرادی اور اجتماعی نوعیت کے مسائل، انتظامی شکایات اور ریونیو سے متعلق معاملات کو غور سے سنا۔

عوام کو بلا تاخیر اور ان کی دہلیز پر انصاف و ریلیف فراہم کرنے کے عزم کو دہراتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو بلا کر ضروری ہدایات جاری کیں اور متعدد مسائل کا فوری سدِباب کرنے کے احکامات دیے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کا مقصد بیوروکریسی اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے۔ کسی بھی شہری کو اپنے جائز کام کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، تمام افسران کو عوامی مسائل کے فوری حل کا پابند بنا دیا گیا ہے۔

شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پالیسی سے تعطل کا شکار انتظامی کاموں میں تیزی آئے گی۔

مزید خبریں

Back to top button