ننگرپارکر میں سرکاری گوچر زمین کے معاملے پر کولہی برادری کا احتجاج، دھرنا، مرکزی سڑک بلاک

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تحصیل ننگرپارکر کے گاؤں سوراچند میں سرکاری گوچر زمین سے مبینہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف کولہی برادری نے احتجاجی ریلی نکال کر دھرنا دے دیا، جس کے باعث مرکزی سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ننگرپارکر، مختیارکار ننگرپارکر، ایس ایچ او ننگرپارکر، تپیدار پرتھوی سنگھ اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے سرکاری گوچر زمین خالی کرانے کے احکامات جاری کیے گئے، جس پر کولہی برادری نے شدید احتجاج کیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت پہلاج کولہی اور مہرو کولہی نے کی۔ ریلی روپلو یادگار سے شروع ہو کر پریس کلب ننگرپارکر تک پہنچی، جس میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مظاہرین نے ریلی کو دھرنے میں تبدیل کرتے ہوئے رینجرز چیک پوسٹ کے مقام پر دھرنا دے دیا اور مرکزی سڑک بلاک کر دی۔ آخری اطلاعات تک مظاہرین رینجرز چیک پوسٹ کے مقام پر دھرنا دیے ہوئے تھے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر موجود تھے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button