اوکاڑہ میں 17 لاکھ 50 ہزار کی چوری کا ڈرامہ بے نقاب، جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم گرفتار

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) تھانہ چوچک پولیس نے گھر میں لاکھوں روپے کی چوری کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی۔

پولیس کے مطابق شہری علی نواز نے اپنے گھر سے 17 لاکھ 50 ہزار روپے چوری ہونے کی فرضی اطلاع دی، تاہم تحقیقات کے دوران چوری کا کوئی واقعہ ثابت نہ ہو سکا۔

پولیس نے مزید تفتیش کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی پر مبینہ طور پر 17 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لیے، جبکہ جھوٹی ایمرجنسی کال کرنے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا ہے کہ پولیس ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اطلاع دینا قانوناً جرم ہے، ایسی جعلی کالز سے پولیس کے قیمتی وسائل ضائع ہوتے ہیں اور حقیقی امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی رپورٹس اور جعلی ایمرجنسی کالز کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button