سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ، جامع اسپورٹس پالیسی کی منظوری، اسپورٹس سٹیز اور اکیڈمیز قائم ہوں گی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کابینہ نے صوبے کی جامع اسپورٹس پالیسی کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ’’سب کے لیے کھیل‘‘ کے وژن کے تحت نئی اسپورٹس پالیسی کی منظوری دی گئی، جس میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت کھیلوں کے صوبائی اختیار کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے اجلاس میں نئی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی میں موہن جو دڑو سے جڑی سندھ کی قدیم کھیلوں کی تاریخ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں جسمانی تعلیم کی بحالی بھی نئی اسپورٹس پالیسی کا حصہ ہوگی۔
پالیسی کے تحت ضلعی سطح پر اسپورٹس کمپلیکس جبکہ تعلقہ سطح پر کثیرالمقاصد کھیلوں کی سہولیات قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ سندھ میں اسپورٹس ہاسٹلز اور کھیلوں کی اکیڈمیز بھی قائم کی جائیں گی تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو تربیت اور رہائش کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
نئی پالیسی میں کھیلوں کے لیے خصوصی سائنسی اور اینٹی ڈوپنگ سہولیات کے قیام کی بھی تجویز شامل ہے۔ سندھ اسپورٹس بورڈ تعلقہ سطح تک کھیلوں کے انتظامی نظام کی نگرانی کرے گا، جبکہ کھیلوں کے شعبے میں ضابطۂ اخلاق اور ملازمتوں میں کوٹے کے نظام سے متعلق اقدامات بھی پالیسی کا حصہ ہوں گے۔
کابینہ نے مستحق کھلاڑیوں کے لیے وظائف اور خصوصی فلاحی اقدامات جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش، حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں ڈویژن کی سطح پر اسپورٹس سٹیز کے قیام کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ سندھ حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
دریں اثنا صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر جمعہ کو سندھ کی نئی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے میڈیا کو مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔



