بالی ووڈسٹاراکشے کمار کی بیٹی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

ممبئی (ویب ڈیسک)بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی نتارا کو آن لائن ہراساں کرنےوالا ملزم گرفتار کر لیاگیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ مہاراشٹرسائبر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس یشسوی یادو نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اکتوبر 2025 میں نتارا ایک آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھیں جہاں ایک اجنبی شخص نے انہیں نامناسب پیغامات بھیجے اور بعد میں نازیبا تصاویر کا مطالبہ بھی کیا۔سائبر پولیس کے مطابق اس کیس کی اطلاع سب سے پہلے گھر پر نتارا نے اپنے والدین کو دی، جس کے بعد اکشے کمار نے فوری طور پر حکام سے رابطہ کیا۔
ایک سائبر آگاہی سیشن کے دوران اے ڈی جی یشسوی یادو نے بتایا کہ بچی نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً اپنے والدین کو آگاہ کیا، جس سے کیس کو حل کرنے میں مدد ملی،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یشسوی یادو کی سربراہی میں ٹیم نے تحقیقات کیں اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
اکشے کمار نے ایک پرانے ویڈیو بیان میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آن لائن گیمز کے دوران اجنبی افراد سے بات چیت خطرناک صورتحال پیدا کر سکتی ہے اور یہ سائبر کرائم کی ایک شکل بھی بن سکتی ہے،انہوں نے والدین کو خبردار کیاتھا کہ بچوں کو آن لائن دنیا کے خطرات سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ ایسے واقعات ذہنی دباؤ اور سنگین نتائج تک لے جا سکتے ہیں، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور بچوں کو اتنا اعتماد دیں کہ وہ ایسی کسی بھی صورتحال میں سب سے پہلے اپنے گھر والوں کو بتائیں۔
اداکار نے اس سے قبل مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ سے بھی درخواست کی تھی کہ اسکولوں میں سائبر کرائم سے آگاہی کی کلاسیں شروع کی جائیں۔



