پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے،راشد محمود سومرو

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے اور سولر انرجی پر عائد ظالمانہ ٹیکس ختم کیا جائے، بصورت دیگر سڑکیں عوام کے غصے سے بھر جائیں گی، انہوں نے اعلان کیا کہ اگر عوام کو فوری ریلیف نہ دیا گیا تو جمعیت علمائے اسلام ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی، اور اس ظلم کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کے طوفان کے درمیان پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافہ عوام پر معاشی حملہ ہے جس کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہیں. حکومت نے عالمی منڈی میں کمی کے باوجود جان بوجھ کر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر کے اپنی شاہ خرچیوں اور ناکامیوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔ یہ صرف نااہلی نہیں بلکہ کھلا استحصال ہے، جس کا حساب حکمرانوں کو دینا ہوگا. انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر کے اپنی نااہلی اور عیاشیوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔ یہ فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دراصل ہر گھر پر معاشی بم گرانے کے مترادف ہے، جس سے اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ اور ہر بنیادی ضرورت کی قیمت آسمان سے باتیں کرے گی، اور غریب آدمی زندہ درگور ہو جائے گا.

انہوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے اب سورج جیسی قدرتی نعمت سے حاصل ہونے والی سولر توانائی کو بھی نہیں بخشا اور اس پر ٹیکس لگا کر عوام سے سستی بجلی کا آخری سہارا بھی چھین لیا ہے۔ یہ فیصلہ عوام دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عوام فاقوں پر مجبور ہیں اور یہ طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے۔ ملک میں ایک طرف غربت اور بھوک کا راج ہے، جبکہ دوسری طرف حکمرانوں کے محلات روشن ہیں.

مزید خبریں

Back to top button