محکمہ ریونیو کے کرپٹ افسروں نے اویکيو پراپرٹی کی زمین کراچی کے ایک بااثر شخص کے نام پر جعلی کھاتے بنا کر فروخت کر دی

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)محکمہ ریونیو کے کرپٹ افسران نے اویکيو پراپرٹی کی زمین کراچی کے ایک بااثر شخص کے نام پر جعلی کھاتے بنا کر فروخت کر دی ہے۔

ٹھٹھہ کے قریب دیہہ مرکھان کے آبادگاروں اعجاز بروہی، موسیٰ خاصخیلی، اقبال جوکھیو، نبھادر علی خاصخیلی، واز بروہی، جاوید، علی حسن جوکھیو اور دیگر نے پریس کلب ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو کے کرپٹ افسران نے اویکيو پراپرٹی کی زمین کراچی کے ایک بااثر شمس الحق نامی شخص کے نام پر جعلی کھاتے بنا کر فروخت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ زمین پر مختلف برادریاں جوکھیو، خاصخیلی، بروہی، سمان، موندا، کھوسہ اور دیگر برادریاں رہائش پذیر ہیں جن کے وہاں گاؤں اور زمینیں ہیں، ریونیو افسران کی ایسی کارروائی کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اویکيو پراپرٹی کا کھاتہ کسی شخص کے نام نہیں بن سکتا، مذکورہ شخص کے والد نے 1997 میں بھی ایسی انٹری کرانے کی کوشش کی تھی جو مسترد ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو والوں نے شمس الحق کا کھاتہ ٹھٹھہ کے مقامی احمد خان جاکھرو کے نام بنا کر فروخت کیا ہے، جس کے بعد مقامی لوگوں کو آپس میں لڑوا کر ماحول خراب کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آباؤ اجداد سے یہاں کے رہائشی ہیں اور زمینوں کا قبضہ بھی ان کے پاس ہے، جن زمینوں کو وہ آباد کر کے گزر بسر کرتے ہیں اور ہر سال اویکيو پراپرٹی کے چالان جمع کرانے کے ساتھ ڈل اور آبیانہ بھی ادا کرتے ہیں جن کی رسیدیں بھی موجود ہیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فراڈ میں ملوث ریونیو افسران کے خلاف کارروائی کر کے ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button