ایسے ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کریں گے جن کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا: ٹرمپ کے مشیر کا دعویٰ
تجزیہ کار اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ وہ ممکنہ ممالک کون سے ہو سکتے ہیں

واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت جلد ایسے ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کریں گے جن کے بارے میں ماضی میں سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیو وٹکوف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں جاری امن عمل کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور ابراہام معاہدے کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت کے دوران متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ ان کے مطابق اب اس فہرست میں مزید حیران کن ممالک کا اضافہ متوقع ہے۔
اسٹیو وٹکوف کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی یہ کوشش ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایک نیا سیاسی توازن قائم ہو اور اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد میں اضافہ ہو تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
ان کے اس بیان نے مشرق وسطیٰ کی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور تجزیہ کار اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ وہ ممکنہ ممالک کون سے ہو سکتے ہیں جو مستقبل قریب میں اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔



