یوٹیوب آمدن پر ایف بی آر کا نیا ٹیکس طریقہ کار نافذ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ایف بی آر نے سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والے افراد کی ٹیکس وصولی کے لیے خصوصی طریقہ کار نافذ کردیا، جس کے تحت یوٹیوب ویوز کی بنیاد پر کم از کم آمدن کا حساب لگایا جائے گا جبکہ اخراجات کی قابل قبول حد بھی مقرر کردی گئی ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری ایس آر او 1641(I)/2026 کے مطابق 23 ستمبر 2026 سے سوشل میڈیا کے ذریعے معاوضہ حاصل کرنے والے افراد کی ٹیکس وصولی کے لیے خصوصی طریقہ کار نافذ کیا گیا ہے۔نئے طریقہ کار کے تحت یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدن کے لیے کم از کم آمدن کا حساب ایک ہزار ویوز پر 195 روپے کے حساب سے کیا جائے گا، جبکہ مجموعی آمدن کے مقابلے میں قابل قبول اخراجات کی حد 30 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئے ٹیکس طریقہ کار کے عملی اور تجارتی اثرات کے باعث پاکستان میں یوٹیوب آمدن کا موجودہ کاروباری ماڈل نظرثانی کا متقاضی ہوگیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والے افراد اور ادارے قانونی طور پر قابل عمل متبادل طریقہ کار پر غور کررہے ہیں۔متعلقہ حلقوں کی جانب سے نئے فریم ورک کے حوالے سے تحفظات بھی سامنے آئے ہیں اور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس کے عملی و تجارتی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ فورمز پر معاملہ اٹھایا جائے۔نئے ٹیکس طریقہ کار سے پاکستانی یوٹیوبرز، سوشل میڈیا مواد تخلیق کرنے والوں اور ڈیجیٹل میڈیا کاروبار پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے مزید مشاورت اور قانونی جائزے کا عمل جاری ہے۔



