یومِ استحصالِ کشمیر: پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اپنے خصوصی پیغام میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 5 اگست بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی سیاہ یاد ہے، جب مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت جبر، محاصرے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ہر صورت تسلیم کیا جانا چاہیے، جبکہ مسئلہ جموں و کشمیر کا واحد پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ استصوابِ رائے ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ہر اہم بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہی ہے اور کشمیر کاز پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت مسئلہ کشمیر پر یکساں مؤقف رکھتی ہے، بھارت کو زمینی حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں انصاف پر مبنی اور پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button