یلو لائن بی آر ٹی پر بڑا حکم، شرجیل میمن نے دن رات کام کرنے کی ہدایت کر دی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی کام دن رات جاری رکھنے کے احکامات جاری کر دیے۔

شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے مختلف تعمیراتی کاموں، منصوبے پر جاری پیش رفت اور اہم حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام نے سینئر وزیر کو تعمیراتی پیکیجز اور موجودہ پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام کام باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت تیزی سے آگے بڑھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کا اہم منصوبہ ہے، اس لیے تعمیراتی سرگرمیاں دن رات جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو جدید سفری سہولیات جلد فراہم کی جا سکیں۔

سینئر وزیر نے تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر جاری تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے منصوبے کے اہم حصے ڈیپوز کی تعمیر کو بھی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے اور منصوبے کے ہر حصے کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں جدید اور مربوط ماس ٹرانزٹ نظام کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ یلو لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے جامع ٹرانسپورٹ وژن کا حصہ ہے، جبکہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور سفری ضروریات کے پیش نظر جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہو چکا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button