مذاکرات پر بڑا یوٹرن؟ بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی مشروط پیشکش مسترد کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی مشروط پیشکش قابل قبول نہیں، سیاسی معاملات پر بات چیت بغیر کسی شرط کے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرکے مسائل کا حل نکالا جانا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا آسان نہیں تھا، بڑی مشکل سے بات چیت شروع ہوئی تھی، اس لیے مذاکرات سے اٹھنا نہیں چاہیے تھا۔ مذاکرات ختم ہونے کے بعد باہر آکر بیانات دینے سے اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ ملک، قوم اور جمہوریت کے لیے مذاکرات کا کامیاب ہونا انتہائی ضروری ہے۔ خیبرپختونخوا کی صورتحال سنگین ہے اور ملک کسی غیر آئینی، غیر قانونی یا عوام کی مرضی کے بغیر پیدا ہونے والی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

بیرسٹر گوہر نے گورنر راج اور ایمرجنسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے بہتر انداز میں حل ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے مطالبات سادہ تھے، جن میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، بشریٰ بی بی سے ملاقات اور بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے سے متعلق امور شامل تھے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش آتی ہے تو پی ٹی آئی غیر مشروط طور پر بات چیت کے لیے بیٹھنے کو تیار ہے۔ سیاسی معاملات میں فریقین کو بغیر شرط مذاکرات کرنے چاہئیں اور حل نکلنے تک بات چیت جاری رہنی چاہیے۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اسلام آباد بھی ہمارا ہے، اس لیے سوال ہی نہیں کہ لانگ مارچ اسلام آباد کیوں نہیں پہنچے گا۔

مزید خبریں

Back to top button