آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں، شی جن پنگ

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات فوری طور پر بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو ریاستی حل ہی مسئلہ فلسطین کے حل کی درست سمت ہے۔
اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی معاملہ ہے، اس لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے جلد قیام کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کیے جانے چاہئیں۔
چینی صدر نے خطے میں جامع جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جائے، جبکہ تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جائے۔
شی جن پنگ نے غزہ کی جنگ کے بعد تعمیرِ نو اور مغربی کنارے کے انتظام میں فلسطینیوں کی حکمرانی کے اصول پر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
چینی صدر کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل بین الاقوامی قانون، انصاف اور بنیادی انسانی اصولوں کی بنیاد پر تلاش کیا جانا چاہیے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جامع، منصفانہ اور دیرپا امن قائم ہوسکے۔



