"مرسوں مرسوں، سندھو نہ دیسوں” کے نعروں کی گونج، مٹھی میں دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کی احتجاجی ریلی

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی، دریائے سندھ پر مبینہ ڈاکے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششوں کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی ضلع تھرپارکر کے زیر اہتمام مٹھی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی ہدایت پر نکالی گئی ریلی کا عنوان "مرسوں مرسوں، سندھو نہ دیسوں” رکھا گیا تھا، جس کی قیادت پیپلز پارٹی تھرپارکر کے ضلعی صدر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے کی۔
ریلی صادق فقیر چوک سے شروع ہو کر کشمیر چوک مٹھی پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے خصوصی شرکت کی۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ سندھ ہماری ماں ہے اور دریائے سندھ پر کسی بھی قسم کی مداخلت یا ڈاکا برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ماضی میں بھی بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سندھ اور پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی سندھ دشمن قوتوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔
ریلی میں رکن سندھ اسمبلی فقیر شیر محمد بلالانی، پیپلز پارٹی تھرپارکر کے ضلعی جنرل سیکریٹری سشیل کمار ملانی، ضلعی انفارمیشن سیکریٹری ویرجی کولہی، وائس چیئرپرسن کملا بھیل، کامریڈ نند لال مالہی، سمترا منجانی سمیت پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے دریائے سندھ کے تحفظ کے حق میں اور بھارت کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ دریائے سندھ کے پانی سے متعلق کسی بھی قسم کی زیادتی یا مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔



