امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد منظور کرلی


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے سے متعلق مشترکہ قرارداد واضح اکثریت سے منظور کر لی، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی سینیٹ میں قرارداد کے حق میں 50 جبکہ مخالفت میں 48 ووٹ آئے، جس کے بعد ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی محدود کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ قرارداد رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ایوانِ نمائندگان سے بھی منظور ہو چکی تھی، جس کے بعد اسے کانگریس کی دونوں ایوانوں کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے، تاہم ووٹنگ کے نتائج نے اس معاملے پر سیاسی حلقوں میں جاری بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستوں کو ترجیح دینے کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔